اسلام آباد: پی پی پی کی جانب سے پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان کو قانونی نوٹس بھجوادیا گیا۔
عمران خان کو 10 ارب روپے ہرجانے کا قانونی نوٹس سابق صدر آصف زرداری کی جانب سے بھجوایا گیا ہے، جس میں ان سے 14 دن میں غیرمشروط معافی مانگنے کا کہا گیا ہے۔
سابق صدر آصف زرداری کی جانب سے قانونی نوٹس فاروق ایچ نائیک نے بھیجا، جس میں کہا گیا کہ 27 جنوری کو عمران خان نے قومی میڈیا پر خطاب میں سابق صدر آصف زرداری پر الزام لگایا کہ انہیں آصف زرداری کی جانب سے جان کا خطرہ ہے، انہوں نے عمران خان کے قتل کا منصوبہ بنایا ہے۔
قانونی نوٹس میں کہا گیا کہ اس حوالے سے کیا عمران خان کے پاس ٹھوس ثبوت ہیں؟ یہ سراسر الزام اور بہتان ہے، اس سے کئی شکوک و شبہات پیدا ہوئے ہیں، لہٰذا عمران خان عدالت کو اس پر واضح مؤقف دیں اور ثبوت سامنے لائے جائیں۔
نوٹس میں مزید کہا گیا کہ عمران خان کی جانب سے معافی نہ مانگنے کی صورت میں شہرت کو پہنچنے والے نقصان کا ازالہ کیا جائے۔
خیال رہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے گزشتہ دنوں اپنے خطاب میں الزام عائد کیا تھا کہ ایک پلان سی بنا ہے، آصف زرداری اس کے پیچھے ہے، ان کے پاس کرپشن کا پیسہ بے تحاشا ہے، انہوں نے مجھے قتل کرانے کے لیے یہ پیسہ دہشت گرد تنظیم کو دیا ہے۔