کراچی: گلوکار و اداکار علی ظفر کے پچھلے دنوں ریلیز ہونے والے سندھی گیت ’’الے‘‘ نے مقبولیت کے کئی ریکارڈ پاش پاش کردیے۔
بلوچی گیت ’’ لیلا و لیلا ‘‘ کے سپرہٹ ہونے کے بعد علی ظفر نے گزشتہ ماہ سندھی زبان میں گایا ہوا گیت ’الّے‘ ریلیز کیا تھا جسے کافی پسند کیا گیا۔ دونوں گانوں کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں علی ظفر کے ساتھ 13 سالہ عروج فاطمہ نے بھی گلوکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔
لیلا و لیلا کی مقبولیت کے بعد ’الّے‘ کی مقبولیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ ایک ماہ کے دوران اس گیت کو یوٹیوب پر ایک کروڑ سے زائد بار دیکھا جا چکا ہے جو دیگر گیتوں کے مقابلے میں اس گیت کی بڑی کامیابی ہے۔
دوسری جانب علی ظفر نے بھی اپنے گیت کی کامیابی پر ’اَلے‘ گیت کا پوسٹ بھی جاری کیا ہے، گانے میں اُن کے ساتھ شامل فاطمہ عروج اور عابد بروہی بھی نظر آرہے ہیں۔