چین میں بارشوں کے پچھلے تمام ریکارڈز ٹوٹ گئے، 78 اموات

بیجنگ: چین کے شمالی علاقوں میں بارشوں کے پچھلے تمام تر ریکارڈز پاش پاش ہوگئے، اس کے باعث ہلاکتوں کی تعداد 78 تک پہنچ گئی۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق چین کے شمالی صوبوں میں سمندری طوفان ڈوکسوری کے نتیجے میں ہونے والی بارشوں میں 2 اگست کو 140 سالہ ریکارڈ ٹوٹ چکا اور اب بھی بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔
نشیبی علاقے زیر آب آگئے اور سیلابی ریلے نے اپنے راستے میں آنے والی ہر شے کو تہس نہس کرکے رکھ دیا۔ درجنوں افراد سیلابی ریلے میں بہہ گئے۔
ہلاکتوں کی تعداد 78 ہوگئی، جن میں سے 29 افراد صرف ایک صوبے ہیبئی میں ہلاک ہوئے جب کہ 16 افراد تاحال لاپتا ہیں، جن کی تلاش کا کام جاری ہے۔ امدادی کاموں کے دوران کئی دن پرانی لاشیں مل رہی ہیں۔
مقامی میڈیا کے مطابق صوبے ہیبئی میں قریباً 40 لاکھ افراد سیلاب سے متاثر ہوئے اور 40 ہزار 900 مکانات منہدم ہوگئے۔ چینی حکومت نے رہائشیوں کو معاوضہ دینے کے لیے ایک ارب یوآن کا بجٹ مختص کیا ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ژنہوا کے مطابق اس فنڈ سے فصلوں، جانوروں، پولٹری فارموں، مکانات اور زرعی مشینری کو پہنچنے والے نقصان کی ادائیگی کی جائے گی۔
چین کے محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں مزید بارشوں، سیلاب اور طوفان کی پیش گوئی کی ہے۔

78 KilledRecord Break Rain in China