کراچی: ٹی وی اور فلم کے مقبول اداکار فیروز خان کی سابقہ اہلیہ علیزے سلطان نے کہا ہے کہ وہ جلد دوسری شادی بھی کریں گی، کیونکہ نکاح آدھا دین ہے۔
فیروز خان کے ساتھ طلاق کے بعد علیزے سلطان نے پہلی مرتبہ مداحوں سے گفتگو کرنے کے لیے انسٹاگرام پر سوال جواب کا سیشن رکھا، جس میں انہوں نے اپنی نجی زندگی سے متعلق تمام سوالات کے مثبت جوابات دیے۔
سوال کیا گیا کہ علیزے کے لیے طلاق کے بعد اکیلے بچوں کی پرورش اور ہمارے معاشرے کا سامنا کرنا کیسا رہا؟ اور کیا علیزے فاطمہ دوسری شادی کا ارادہ رکھتی ہیں؟
جس پر علیزے سلطان نے جواب دیا کہ جب آپ کے ساتھ اللہ ہو، اہل خانہ ہوں اور چاہنے والوں کی دعائیں اور محبتیں تو سب ٹھیک ہوجاتا ہے۔
انسٹاگرام صارف نے علیزے سے سوال کیا کہ کیا طلاق کے بعد آپ زیادہ پُراعتماد ہوگئی ہیں؟ جواب میں علیزے کا کہنا تھا کہ جب آپ کی بے قدری کرنے والا کوئی نہیں ہوتا تو آپ کھِل اُٹھتے ہیں۔
ایک اور صارف نے علیزے سے دوسری شادی کے بارے میں استفسار کیا، جس پرعلیزے فاطمہ نے کہا کہ شادی آدھا دین ہے اور ہر چیز اپنے وقت پر ہوجاتی ہے۔
علیزے سلطان نے مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اگر مشکل وقت میں آپ لوگوں کا ساتھ نہیں ہوتا تو وہ زندگی میں آگے نہیں بڑھ سکتی تھیں۔
دھیان رہے کہ علیزے سلطان اور فیروز خان 2018 میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے تاہم ستمبر 2022 میں طلاق لے لی تھی۔ علیزے اور فیروز دو بچوں کے والدین ہیں۔