کراچی: علی زیدی نے لیاری گینگ وار کے سرغنہ عذیر بلوچ کے قریبی ساتھی حبیب جان بلوچ کی ایک وڈیو ٹوئٹر پر شیئر کی ہے، اس کے ساتھ ہی انہوں نے دعویٰ کیا ہے کہ زرداری اور قادر پٹیل ایک بار پھر بے نقاب ہوگئے ہیں۔
وفاقی وزیر علی زیدی نے لیاری گینگ وار کے سرغنہ عذیر بلوچ کے قریبی ساتھی حبیب جان بلوچ کی ایک وڈیو ٹوئٹر پر شیئر کی ہے۔ وڈیو کے ساتھ انہوں نے لکھا کہ جرم اور سیاست ایک ساتھ چلتے رہے، آصف زرداری اور قادر پٹیل ایک بار پھر بے نقاب ہوگئے، انہیں حبیب جان نے بے نقاب کردیا، جو سارے معاملے میں شامل تھا۔
اس وڈیو میں حبیب جان بلوچ کا کہنا ہے کہ 2012 میں لیاری میں آپریشن کے بعد پیپلز پارٹی نے ایک مرتبہ پھر عذیر جان بلوچ سے رابطہ کیا اور انہیں منانے کے لیے 5 کروڑ روپے ادا کیے گئے، جس کے بعد عذیر بلوچ پیپلز پارٹی میں شامل ہوئے، عذیر بلوچ کی دعوت پر قائم علی شاہ، شرمیلا فاروقی اور فریال تالپور بھی آئے۔