کراچی: سابق حکمراں جماعت پی ٹی آئی کے رہنما علی زیدی نے بھی پارٹی اور سیاست چھوڑنے کا اعلان کردیا۔
علی زیدی نے ایک ویڈیو بیان میں 9 مئی کے واقعات کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کافی سوچ بچار کے بعد سیاست چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے، پی ٹی آئی کے تمام عہدوں سے استعفیٰ دے رہا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے پاکستان کی خدمت کی ہے اور پاکستان کے لیے سیاست میں آیا تھا، 9 مئی کے واقعات کی مذمت کی تھی اور دوبارہ کرتا ہوں، افواج پاکستان ہمارا فخر ہیں، ان کی وجہ سے ہم سکون سے سوتے ہیں کیونکہ وہ ہماری سرحدوں کی حفاظت کرتے ہیں، جو ہوا وہ غلط ہوا، اس میں جو بھی ملوث ہو اسے کیفر کردار تک پہنچانا ضروری ہے۔
علی زیدی نے کہا کہ کافی سوچ بچار کے بعد یہ فیصلہ کیا جو مشکل فیصلہ تھا آسان فیصلہ نہیں تھا، فیصلہ کیا ہے کہ سیاست چھوڑ دوں گا، جب سیاست چھوڑ دوں گا تو پی ٹی آئی میں بھی جو عہدہ ہے، ایم این اے سمیت سب سے استعفیٰ دیتا ہوں، پاکستان کی خدمت کرنے کی کوشش کروں گا۔