اشیاء خورونوش چرانے والے کوے

الاسکا: الاسکا میں کووّں نے خریداری کرنے والے گاہکوں کا سامان چوری کرکے سب کو حیران کردیا۔
خبروں کے مطابق، امریکی ریاست الاسکا کے کچھ سپر اسٹورز سے خریداری کرنے والے بعض صارفین کا کہنا ہے کہ کووں نے ان کے سامان میں سے کھانے پینے کی چیزیں اتنی پھرتی اور مہارت سے چوری کی ہیں کہ وہ حیران رہ گئے ہیں۔
الاسکا کے علاقے اینکریج میں کوسٹکو نامی سپر اسٹور کے ایک خریدار، میٹ لیوالن نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ جب وہ وہاں سے گھر کےلیے دیگر سامان کے علاوہ کھانے پینے کی چیزیں لے کر نکلا اور پارکنگ میں کھڑی اپنی کار کا لاک کھولنے لگا تو اسی دوران کچھ کووں نے بہت خاموشی سے اس کی شاپنگ کارٹ پر دھاوا بول دیا۔
صرف چند سیکنڈ میں وہ اس کے سامان میں سے گوشت اور ہڈی کا ایک ٹکڑا چوری کرچکے تھے۔ جب تک میٹ نے پلٹ کر انہیں دیکھا، تب تک وہ کارروائی مکمل کرکے اُڑ رہے تھے۔ اس دوران وہ اشیائے خورونوش کی ایک اور تھیلی پھاڑ چکے تھے لیکن یہ کام ادھورا رہ گیا۔
میٹ کا کہنا ہے کہ گوشت کا ٹکڑا خاصا بڑا تھا، لیکن وہ کوّے بھی اچھے خاصے بڑے تھے، شاید اسی وجہ سے وہ اس ٹکڑے کو چوری کرکے باآسانی لے گئے۔
خاص بات کہ یہ کوّے کسی خریدار پر حملہ آور نہیں ہوتے اور نہ ہی اسے تنگ کرتے ہیں۔ اس کے برعکس، وہ خریدار کے پارکنگ لاٹ میں پہنچنے اور گاڑی کی ڈکی/ دروازے کا لاکھ کھولنے کےلیے شاپنگ کارٹ سے دُور ہونے کا انتظار کرتے ہیں۔
’’لگتا ہے وہ پوری منصوبہ بندی کرکے چوری کرنے آتے ہیں،‘‘ ایک مقامی خاتون خریدار نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں لکھا۔ اس پر تبصرہ کرتے ہوئے ایک اور خاتون نے کہا کہ وہ کوّے ’’حساب لگا کر‘‘ ساری کارروائی کرتے ہیں۔
سوشل میڈیا پر ایک اور واقعہ یہ بھی سامنے آیا کہ اسی سپر اسٹور سے خریداری کرنے والی خاتون کو پارکنگ میں فرش پر بیٹھے ایک کوّے نے کائیں کائیں کرکے اپنی طرف متوجہ کیے رکھا جب کہ دوسرے کوّے نے کھانے پینے کا سامان چوری کرلیا۔
ان واقعات سے ثابت ہوتا ہے کہ کوّوں کی ذہانت ہمارے سابقہ اندازوں سے کہیں زیادہ ہے اور اگر وہ چوریاں کرنے پر آجائیں تو ایک منفرد انداز اختیار کرکے انسانوں کو حیران بھی کرسکتے ہیں۔

AlaskaAmericaCrow