میلبورن: نئے سال پر پاکستانی اسٹار اعصام الحق کے ستارے عروج پر دکھائی دیتے ہیں، ٹینس اسٹار اعصام الحق قریشی کی اے ٹی پی میلبورن ٹورنامنٹ میں فتوحات کا سلسلہ جاری ہے۔ اعصام الحق ڈبلز مقابلوں کے سیمی فائنل مرحلے تک رسائی پانے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔
پاکستانی ٹینس اسٹار نے کوارٹر فائنل میں قازقستان کے الیگزینڈر نیڈووایسوف کے ساتھ شاندار پرفارمنس دیتے ہوئے درجہ بندی میں چوتھے نمبر پر موجود قازقستان کے اینڈرے گلوبویف اور کروشیا کے ایف شکوگر کو ٹائی بریک پر شکست دے کر برتری ثابت کی۔ اپنی عمدہ پرفارمنس پر خوش پاکستانی ونڈر بوائے اعصام الحق نے سال کے پہلے بین الاقوامی مقابلے میں فائنل تک رسائی کا عزم ظاہر کیا ہے۔
میلبورن ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل مقابلے کل 8 جنوری کو کھیلے جائیں گے۔ اعصام الحق اور الیگزینڈر نیڈووایسوف کا مقابلہ لیتھونیا کے ریکارڈاس بیرانکس اور یوکرین کے ڈینس مولچانوف کے درمیان کھیلا جائے گا۔