کراچی: اداکارہ ایمن خان نے کہا ہے کہ ڈراموں میں کام نہ کرنے کی وجہ زندگی کو بھرپور طریقے سے جینا ہے۔
اداکارہ ایمن خان نے ایک پروگرام میں شرکت کے دوران کہا کہ انہوں نے بچپن سے ہی کام کرنا شروع کردیا تھا اور پچھلے 2 ،3 برس میں انہوں نے بہت کام کیا جس میں ان کی زندگی بالکل نظرانداز ہوگئی۔
انہوں نے کہا کہ اب انہیں موقع ملا ہے کہ وہ اپنی زندگی کو بھرپور طریقے سے جئیں اور یہ دیکھیں کہ زندگی کیا ہے۔
ایمن نے کہا کہ جب ان کی عمر مہنگے مہنگے بیگز لے کر یونیورسٹی جانے کی تھی تو وہ ڈراموں کی عکس بندی میں مصروف ہوتی تھیں۔ انہوں نے بیٹی امل کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ شوبز انڈسٹری سے وقفہ لینے کی وجہ امل بھی ہے کیونکہ وہ ابھی بہت چھوٹی ہے اور ان کی نظر میں خاندان سے بڑھ کر کچھ نہیں۔