شکر گڑھ: وفاقی وزیر احسن اقبال کا کہنا ہے کہ دو عشرے قبل ڈاکٹر اسرار احمد اور حکیم محمد سعید کی بانی پی ٹی آئی عمران خان کے بارے میں رائے درست ثابت ہورہی ہے۔
احسن اقبال نے شکر گڑھ میں آبائی گاؤں فتووال میں جلسے سے خطاب میں کہا کہ اسرائیل کہہ رہا ہے بانی پی ٹی آئی پاکستان سے ہمارے تعلقات ٹھیک کرسکتے ہیں، دو عشرے قبل ڈاکٹر اسرار اور حکیم سعید کی بانی پی ٹی آئی کے بارے میں رائے درست ثابت ہورہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے چار سال مرکز اور پنجاب میں حکومت کی اور اپنے دورِ حکومت میں انہوں نے گالم گلوچ کے سوا کچھ نہیں کیا، سیاسی مخالفین کو چور ڈاکو کہنے میں گزار دیے۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کے ذریعے ملک میں انتشار کی سازش ہو رہی ہے، حکومت سازشوں اور فوج دہشت گردی کے خلاف لڑرہی ہے، ہم جنگ جیت کر ملک کو دوبارہ ترقی کی راہ پر ڈالیں گے، بانی پی ٹی آئی نے عثمان بزدار اور پرویز الٰہی کو چن کر وزیراعلیٰ لگایا، بانی پی ٹی آئی نے مجھے جھوٹے مقدمے میں اڈیالہ جیل میں بند کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر میں بطور رکن اسمبلی سزائے موت کے قیدی والی چکی میں رہ سکتا ہوں تو بانی پی ٹی آئی کیوں نہیں، کوئی سمجھتا ہے کہ خان کو چکی میں نہیں ہونا چاہیے تو وہ مجھ سے بھی معافی مانگے، بانی پی ٹی آئی کو جو سہنا پڑ رہا ہے وہ ان کے کرتوتوں کا صلہ ہے۔