لاہور: کرکٹر احمد شہزاد نے پاکستان ٹیم کے کپتان بابراعظم کو جعلی کنگ قرار دے دیا۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے پہلے دو میچز میں بدترین شکست پر کپتان بابر اعظم سمیت قومی کھلاڑی، سینئرز سمیت شائقین کرکٹ کی بھی کڑی تنقید کی زد میں ہیں۔
نجی ٹی وی سے گفتگو میں احمد شہزاد نے کہا کہ سوشل میڈیا پر میرے 8سال پرانے stats سے بابراعظم کا موازنہ کیا جارہا ہے جب کہ اس وقت صورت حال مکمل تبدیل تھی، ہمیں ڈھائی سے 3 لاکھ روپے ملاکرتے تھے جب کہ اب 50 لاکھ ماہانہ ملتے ہیں، بابر کو کپتان ہونے کا ہر اختیار حاصل ہے لیکن اس کے باوجود وہ ماڈرن کرکٹ میں دنیا سے پیچھے رہ گئے۔
احمد شہزاد کا کہنا تھا کہ پاکستان میں مضبوط سے مضبوط کپتان کا 2 سے 3 سیریز بعد احتساب ہوا، لیکن بابر کا احتساب کسی نے نہیں کیا، بابر کے جتنی سپورٹ میں نے اپنے پورے کیریئر میں کسی کپتان کو ملتی ہوئی نہیں دیکھی، لیکن اس کے باوجود بھی کپتانی کے 5 سال میں بابر ملک کو ایک ٹرافی نہیں جتواسکے، بابر نے اپنے دوستوں کو ایڈجسٹ کروانے کے لیے ڈومیسٹک کرکٹر کو نظرانداز کیا اور ڈومیسٹک کرکٹ کا نظام درہم برہم کردیا۔
احمد شہزاد نے مزید کہا کہ میں مانتا ہوں میرے stats میں امپروو کرسکتا تھا لیکن بابر کے stats مجھ سے بھی گھٹیا ہیں، لیکن آپ کنگ ہیں تو آپ جعلی کنگ ہیں، آپ نے سوشل میڈیا پر لوگوں کو پاگل بنایا ہوا ہے، اب آپ کو چاہیے کہ آپ ہاتھ کھڑا کرتے ہوئے تسلیم کرلیں کہ میں ذمے دار ہوں، اب میں ڈومیسٹک کرکٹ کھیلوں گا۔