کراچی: مسلم لیگ (ن) کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ حکومت ناکام ہوچکی ہے عمران خان کو گھر جانا ہوگا اب مائنس ایک یا دو نہیں پورا 160 ہوگا۔ کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ جس نے کبھی ٹیکس نہیں دیا وہ بڑے بڑے عہدوں پر بیٹھے ہیں اور جو ملک کے لیے کام کرتے ہیں وہ عدالت میں آرہے ہیں انہوں نے کہا کہ پیٹرول کا جو بحران رہا اس پر کوئی پوچھنے والا نہیں، کرپشن کا الزام نہیں لگتا مگر لوگوں نے اربوں روپے کا فائدہ حاصل کیا۔
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہم کسی غیر جمہوری قوت کو نہیں آنے دیں گے، حکومت کی مدت پوری ہونے پر مکمل یقین رکھتے ہیں۔ جمہوریت کو ڈی ریل نہیں دیں گے لیکن حکومت ناکام ہوچکی ہے اور عمران خان کو گھر جانا ہوگا۔ لیگی رہنما نے مزید کہا کہ میڈیا کی آزادی پر اس حکومت نے جیسےحملہ کیا کسی نے نہیں کیا، نجی چینل کو پہلے نوٹس دینا چاہیے تھا، ہمارے پانچ سال آپ کے سامنے ہیں، کسی چینل یا کسی اینکر کے خلاف کوئی کارروائی ہوئی ؟ ہم حصول اقدار کے لیے نہیں کام کرتے۔