اسٹاک ہوم: سوئیڈن کی سیاست میں اُس وقت دلچسپ صورت حال پیدا ہوگئی جب چند گھنٹے سوئیڈن کی وزیراعظم رہ کر استعفیٰ دینے والی میگڈیلینا اینڈرسن کا دوبارہ وزیراعظم کے طور پر انتخاب عمل میں آیا۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق سوئیڈن کی پارلیمنٹ نے میگڈیلینا اینڈرسن کو دوبارہ وزیراعظم منتخب کرلیا۔ پارلیمنٹ میں سوشل ڈیمو کریٹس پارٹی کی میگڈیلینا اینڈرسن کے حق میں 101 ووٹ آئے۔
سوئیڈش نظام کے تحت وزارت عظمیٰ کے امیدوار کو پارلیمنٹ میں اکثریت درکار نہیں ہوتی تاہم امیدوار کی مخالفت میں 175 سے زیادہ ووٹ نہیں آنے چاہئیں۔
میگڈیلینا اینڈرسن دوبارہ عہدہ سنبھالنے والی سوئیڈن کی پہلی خاتون وزیراعظم ہیں۔ کچھ روز قبل میگڈیلینا نے اتحادی پارٹی کے حکومت سے الگ ہونے پر وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے چند گھنٹوں بعد استعفیٰ دے دیا تھا۔