اسلام آباد: قومی ایئر لائن (پی آئی اے) کا یورپ کے لیے فلائٹ آپریشن 4 سال بعد بحال ہوگیا۔
پی آئی اے کی پرواز پی کے 749 نے پیرس کے لیے اڑان بھرلی، پیرس جانے والی قومی ایئر لائن کی پرواز میں 323 مسافر سوار ہیں، یورپ کے لیے قومی ایئر لائن کا فلائٹ آپریشن ساڑھے 4 سال بعد بحال ہوا ہے۔
ساڑھے 4 برس بعد یورپ کے لیے آپریشن بحال ہونے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا تھا، قومی ایئرلائن کے منافع بخش روٹس بند ہو گئے تھے، ہم چاہیں گے کہ قومی ایئرلائن کی نجکاری کی جائے۔
ان کا کہنا تھا قومی ایئرلائن ہماری شناخت ہے جس سے ہم محروم کر دیے گئے تھے، پیرس جانے والی قومی ایئر لائن کی پرواز کی 100 فیصد بکنگ ہوئی ہے۔
وزیر دفاع کا کہنا تھا پی آئی اے پاکستانیوں کی میتیں بغیر کسی چارجز کے مفت لے کر آتی تھی لیکن فلائٹ آپریشن بند ہونے سے اوورسیز پاکستانی اس سہولت سے محروم ہوگئے تھے۔
ان کا کہنا تھا پورے یورپ کے لیے قومی ایئرلائن کی پروازیں بحال ہوگئی ہیں، یورپ کی فضاؤں میں ایک بار پھر سبز ہلالی پرچم لہرانا شروع ہوگیا ہے۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا ایک غیر ذمے دار بیان نے قومی ایئرلائن کو بہت نقصان پہنچایا، ایسے غیر ذمے دارانہ بیانات دینے والوں کا احتساب ہونا چاہیے۔