جلال آباد: افغانستان کے شہر جلال آباد میں پاکستانی قونصل خانے کے باہر ویزا حاصل کرنے کے لیے جمع ہونے والے ہجوم میں بھگدڑ سے کم از کم 15 افراد جاں ہوگئے۔
خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق آج صبح جلال آباد میں پاکستانی قونصل خانے کے باہر ویزا ٹوکن حاصل کرنے کے لیے قریباً تین ہزار افغان باشندے موجود تھے جن میں خواتین اور بزرگ بھی شامل تھے۔
قونصل خانے کی کھڑکی کھلتے ہی ٹوکن حاصل کرنے کے خواہش مندوں کا یہ ہجوم بے قابو ہوگیا اور بھگدڑ مچ گئی، جس کے نتیجے میں کم از کم 15 افراد پیروں تلے کچل کر مارے گئے۔
ایک مقامی افغان عہدیدار نے رائٹرز کے نمائندے کو بتایا کہ مرنے والوں میں خواتین کے علاوہ بزرگ شہریوں کی تعداد زیادہ ہے۔
خیال رہے کہ ہر سال لاکھوں افغان شہری علاج معالجے، تعلیم، کاروبار اور تجارت کی غرض سے پاکستان کا رُخ کرتے ہیں جب کہ اس وقت بھی پاکستان میں موجود افغان پناہ گزینوں کی تعداد 30 لاکھ کے لگ بھگ ہے۔