کابل: افغانستان میں پولیس چیف کی گاڑی کو ریموٹ کنٹرول بم سے اُڑادیا گیا، جس کے نتیجے میں 5 افراد ہلاک اور 2 زخمی ہوگئے۔
افغان میڈیا کے مطابق کابل کی مرکزی شاہراہ پر عین اس وقت ریموٹ کنٹرول بم دھماکا کیا گیا جب وہاں سے پولیس چیف کی گاڑی گزر رہی تھی، خوف ناک دھماکے میں پولیس چیف محمد زئی کوچی موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔
دھماکے میں پولیس چیف کے دو محافظ اور 2 راہ گیر بھی ہلاک ہوئے جب کہ دو راہ گیر زخمی ہیں جنہیں قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا، دونوں زخمیوں کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔
تاحال کسی گروپ نے حملے کی ذمے داری قبول نہیں کی ہے، تاہم کابل میں گزشتہ تین ماہ سے میزائل اور خودکُش حملوں میں سیکیورٹی اور حکومتی حکام کو نشانہ بنایا گیا ہے جب کہ کابل یونیورسٹی پر بھی حملہ کیا گیا تھا، جس میں 50 طلبا ہلاک ہوگئے تھے اور یہ کارروائیاں داعش نے کی تھیں۔
کابل میں آج پولیس چیف کی گاڑی پر حملے سمیت دو دھماکے اور بھی ہوئے ہیں دونوں حملوں میں پولیس اور سیکیورٹی فورسز کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی تاہم یہ حملے ناکام رہے اور صرف 4 افراد معمولی زخمی ہوئے۔