کابل: طالبان نے افغانستان میں طالبات کے سیکنڈری اسکول کھولنے سے متعلق اچھی خبر جلد سنانے کا اعلان کردیا۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کو دیے گَئے انٹرویو میں افغان وزیر داخلہ سراج الدین حقانی نے بتایا کہ طالبات کے سیکنڈری اسکول کھولنے سے متعلق اچھی خبر کا جلد اعلان کریں گے، انہوں نے کہا کہ ہم میں ایسا کوئی نہیں جو خواتین کی تعلیم کے خلاف ہو۔
افغان وزیر داخلہ نے کہا کہ افغانستان میں لڑکیاں پرائمری تعلیم حاصل کرنے کے لیے اسکول جارہی ہیں البتہ ہائی اسکولنگ سسٹم میں لڑکیوں کی تعلیم جاری رکھنے کے حوالے سے میکنزم بنارہے ہیں۔
سراج الدین حقانی نے مزید کہا کہ لڑکیوں کی اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لیے درس گاہوں میں لباس، افغان ثقافت اور اسلامی قوانین اور اصولوں کے مطابق ہی ہوگا۔
اس سے قبل رواں سال مارچ کے مہینے میں طالبان نے اسکول، کالجز کھولنے کے چند گھنٹوں بعد ہی بند کروادیے تھے۔
واضح رہے کہ اقتدار پر کنٹرول حاصل کرنے کے بعد طالبان نے خواتین سے کہا تھا کہ وہ حجاب لیں جس میں سر کو ڈھانپا جاتا ہے جب کہ چہرے کو کھلا رکھا جاسکتا ہے۔ تاہم رواں ماہ مئی کے آغاز پر طالبان کی جانب سے خواتین کو مکمل برقع اوڑھنے کی ہدایت کی گئی۔