اسلام آباد: پاکستان کی جانب سے افغان امن کانفرنس کو ملتوی کردیا گیا ہے، افغان امن کانفرنس 17 جولائی سے اسلام آباد میں ہونا تھی، تاہم اب اس کا انعقاد عیدالاضحیٰ کے بعد ہوگا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان اور افغان صدر اشرف غنی کے درمیان تاشقند میں ہونے والی ملاقات کے بعد افغان امن کانفرنس کو ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ افغان امن کانفرنس اب عیدالاضحیٰ کے بعد منعقد کیے جانے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔
خیال رہے کہ افغان امن کانفرنس 17 سے 19 جولائی تک اسلام آباد میں منعقد ہونا تھی۔ اس کانفرنس کا مقصد افغانستان میں امن عمل کو آگے بڑھانا ہے۔ پاکستان کی جانب سے 30 افغان مندوبین کو امن کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔
اس اہم کانفرنس میں افغان اعلیٰ قومی مفاہمتی کونسل کے چیئرمین عبداللہ عبداللہ، گلبدین حکمت یار، چیئرمین ماسود فاؤنڈیشن احمد ولی، سابق صدر حامد کرزئی اور سابق نائب صدر احمد ضیا مسعود کو بھی شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔