کوئٹہ: سانحہ مچھ میں جاں بحق ہونے والے 7 کان کن افغان باشندے تھے۔
اس حوالے سے افغان قونصلیٹ کی جانب سے وزارت خارجہ کو لکھے گئے مراسلے میں کہا گیا کہ سات کان کن افغان باشندے تھے، جن میں سے 3 کان کنوں کے ورثاء نے میتیں افغانستان بھجوانے کی درخواست کی ہے۔
وزارت خارجہ کو لکھے گئے مراسلے میں درخواست کی گئی کہ تینوں افغان باشندوں کی میتیں چمن بارڈر سے افغانستان بھجوائی جائیں۔
خیال رہے کہ چند روز قبل بلوچستان کے علاقے مچھ میں مسلح افراد نے فائرنگ کرکے 11 کان کنوں کو قتل کردیا تھا۔
پانچ روز گزرنے کے باوجود لواحقین اپنے پیاروں کی میتوں کے ساتھ احتجاج کررہے ہیں اور ان کا مطالبہ ہے کہ جب تک وزیراعظم نہیں آجاتے، اُس وقت تک میتوں کی تدفین نہیں کی جائے گی۔