غصے نے کئی بار مشکل میں ڈالا، عفان وحید کا انکشاف

کراچی: ٹی وی کے مقبول اداکار عفان وحید نے غصے کی وجہ سے کئی بار مشکلات کا شکار ہونے کا انکشاف کیا ہے۔ نرم مزاج اور متوازن گفتگو کے لیے شہرت رکھنے والے عفان نے بتایا کہ وہ برسوں تک غصے کے مسائل کا شکار رہے اور اس کمزوری نے کئی بار انہیں مشکل میں ڈال دیا۔
اداکار عفان وحید نے ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ بظاہر وہ ایک پُرسکون اور ہنس مکھ انسان دکھائی دیتے ہیں، لیکن ان کے قریبی لوگوں کو بخوبی معلوم ہے کہ کبھی کبھار وہ سخت غصے میں آجاتے ہیں۔
عفان کا کہنا تھا کہ یہ مسئلہ میں نے خود بھی ہمیشہ محسوس کیا اور برسوں اس پر غور و فکر کے بعد بہت کچھ سیکھا۔
عفان نے وضاحت کی کہ غصہ صرف ایک وقتی ردعمل نہیں بلکہ اس کے پیچھے موروثی اثرات اور اردگرد کا ماحول بھی اہم کردار ادا کرتا ہے۔ ان کے مطابق اس کیفیت سے نمٹنے کے لیے سب سے زیادہ ضروری ہے کہ انسان خود کو پہچانے اور اپنے رویے کا جائزہ لے۔
انہوں نے بتایا کہ وقت کے ساتھ انہوں نے خود پر قابو پانے اور ذہنی سکون حاصل کرنے کی تکنیک سیکھی ہیں۔ یہ طریقے انہیں نہ صرف اپنے غصے پر قابو پانے میں مدد دیتے ہیں بلکہ زندگی کے مثبت پہلوؤں پر توجہ دینے کا حوصلہ بھی بخشتے ہیں۔
انہوں نے اعتراف کیا کہ ماضی میں وہ کئی بار غیر ضروری طور پر سخت ردعمل ظاہر کر بیٹھے، جس پر آج انہیں افسوس ہے۔ تاہم خوشی کی بات یہ ہے کہ انہوں نے اپنی ذات پر کام کرکے اپنی شخصیت میں نمایاں بہتری پیدا کی ہے۔
عفان وحید کے مطابق غصہ اکثر اَن دیکھی مشکلات کی جڑ بن جاتا ہے۔ اب میں نے سیکھ لیا ہے کہ ایسے مواقع پر خاموش رہنا اور جذبات پر قابو رکھنا ہی اصل طاقت ہے۔

 

ActorAffan WaheedBig Revealed