کراچی: عالمی شہرت یافتہ پاکستانی اداکار عدنان صدیقی نے بھارتیوں کو اپنا برداشت کا لیول بڑھانے کا پیغام دیا ہے۔
حال ہی میں میرا سیٹھی کے آن لائن شو میں شرکت کے موقع پر عدنان صدیقی نے بھارتیوں کی جانب سے پاکستانی فنکاروں پرلگائی جانے والی پابندی کے خلاف آواز اٹھاتے ہوئے کہا کہ بھارتیوں اپنا برداشت کا لیول بڑھاؤ۔
میزبان میرا سیٹھی نے عدنان صدیقی سے سوال کیا کہ ہمارے یہاں 30 سال کی عمر کے بعد اداکاراؤں کو مرکزی کرداروں کی جگہ بھابی یا ساس کے کردار کیوں دیے جاتے ہیں جب کہ مرد اداکاروں کے ساتھ ایسا نہیں، وہ بڑی عمر میں بھی ہیرو ہی آرہے ہوتے ہیں، آپ بھی ابھی تک مرکزی کردار میں آرہے ہیں؟ اس سوال کے جواب میں عدنان صدیقی نے مذاقاً کہا میں خود کو ویمپائر کہتا ہوں (ویمپائر ایک تخلیقی کردار ہے جس کی عمر نہیں بڑھتی)۔
بعدازاں عدنان صدیقی نے سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کہا، یہ المیہ صرف برصغیر میں ہی ہے۔ اگر آپ ہالی وُڈ یا پھر ایرانی فلم انڈسٹری دیکھ لیں وہاں ایسا نہیں ہوتا، لیکن پاکستان اور بھارت میں ایک خاص عمر کے بعد ہیروئنوں کو ’’باجی‘‘ بنادیتے ہیں۔ یہ بہت غلط ہے اور مجھے نہیں لگتا کہ ایسا ہونا چاہیے۔
انٹرویو کے دوران عدنان صدیقی نے بولی وُڈ میں سری دیوی کے ساتھ کام کرنے کا تجربہ بتاتے ہوئے کہا کہ مجھے فلم ’’موم‘‘ کے سیٹ پرسری دیوی سے سب سے پہلے ان کے شوہر بونی کپور نے ملوایا تھا، وہ اپنی بیوی کو ’’میم‘‘ کہتے تھے شاید عزت میں کہتے تھے اور انہوں نے سری دیوی سے کہا تھا، میم یہ عدنان صدیقی ہیں۔ سری دیوی مجھ سے بہت گرم جوشی سے ملی تھیں۔
بولی وُڈ میں پاکستانی فنکاروں کے کام کرنے پر لگنے والی پابندی پر بات کرتے ہوئے عدنان صدیقی نے کہا ایک زمانہ تھا جب بھارتی فنکار پاکستان آیا کرتے تھے اور دونوں ممالک کے درمیان کلچرل ایکسچینج پروگرام ہوا کرتا تھا۔ لیکن اب بھارتیوں کی جانب سے پاکستانیوں پر پابندی لگادی گئی ہے۔ مجھے ایسا لگتا ہے یہ نہیں ہونا چاہیے تھا کیونکہ سیاست اور فنون لطیفہ دو الگ چیزیں ہیں۔
انہوں نے کہا اگر برداشت کی بات کریں تو ہم پاکستانیوں میں برداشت کا لیول بھارتیوں سے زیادہ ہے، کیونکہ پابندی ان کی طرف سے لگائی گئی ہماری طرف سے نہیں۔ یہاں تک کہ اگر دونوں ممالک کے فنکار ویڈیو کال پر بات کرتے ہیں تو اس پر بھی بھارتیوں کی طرف سے پابندی عائد کردی گئی۔ عدنان صدیقی نے بھارتیوں کو پیغام دیتے ہوئے کہا ’’بھارت والو، اپنا برداشت کا لیول تھوڑا سا بڑھاؤ۔‘‘
عدنان صدیقی نے مزید کہا وہ اگر مستقبل میں کوئی فلم بنائیں گے تو وہ جیمز بانڈ یا عمران سیریز کی طرح کی فلم ہوگی جس میں وہ ایجنٹ کا کردار خود کرنا چاہیں گے، کیونکہ انہیں ایڈونچرز فلمیں بہت پسند ہیں۔