واٹس ایپ میں نئے فیچر اسکرین شیئرنگ کا اضافہ

نیویارک: میسجنگ پلیٹ فارم واٹس ایپ میں نئے فیچرز کے اضافے کا سلسلہ جاری ہے۔
اب واٹس ایپ میں ایک نیا فیچر اسکرین شیئرنگ متعارف کرادیا گیا ہے۔
اس فیچر کا اعلان میٹا کے چیف ایگزیکٹو مارک زکربرگ نے ایک فیس بک پوسٹ اور اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ میں کیا۔
اس فیچر کے ذریعے واٹس ایپ روایتی ویڈیو کانفرنسنگ ایپس جیسے مائیکرو سافٹ ٹیمز، گوگل میٹ، زوم اور فیس ٹائم کو ٹکر دینے کے قابل ہوجائے گی۔
مارک زکربرگ نے بتایا کہ اسکرین شیئرنگ کے ذریعے صارفین اپنی دستاویزات، تصاویر اور دیگر تفصیلات ویڈیو کالز میں شیئر کرسکیں گے۔
اسکرین شیئر کرنے کے لیے صارف کو واٹس ایپ پر اپنے کسی کانٹیکٹ کو کال کرنا ہوگی۔
کال ملانے کے بعد اسکرین پر نیچے بائیں کونے میں اسکرین شیئر کے آپشن پر کلک کرنا ہوگا۔
اس فیچر سے صارفین اپنے اسمارٹ فون ڈسپلے کو مکمل طور پر دوستوں کے ساتھ شیئر کرسکیں گے۔
گوگل میٹ اور زوم جیسی ایپس میں بھی اسکرین شیئرنگ کا فیچر اسی طرح کام کرتا ہے۔
واٹس ایپ کی جانب سے بتایا گیا کہ یہ فیچر اینڈرائیڈ، آئی او ایس اور ونڈوز ڈیسک ٹاپ صارفین کے لیے بتدریج جاری کیا جائے گا۔
آسان الفاظ میں اگر ابھی آپ کو یہ فیچر دستیاب نہیں تو بہت جلد آپ اسے استعمال کر سکیں گے۔
اسکرین شیئرنگ کے ساتھ واٹس ایپ کی جانب سے لینڈ اسکیپ موڈ میں ویڈیو کالنگ سپورٹ بھی متعارف کرائی گئی ہے۔
یہ سپورٹ اس وقت زیادہ مددگار ثابت ہوگی جب صارفین اس پلیٹ فارم کو اسکرین شیئرنگ کے لیے استعمال کریں گے۔
خیال رہے کہ واٹس ایپ میں ویڈیو کالنگ کا فیچر نومبر 2016 میں متعارف کرایا گیا تھا مگر اسے بتدریج بہتر بنایا گیا۔
کچھ عرصے قبل واٹس ایپ کی جانب سے آئی او ایس صارفین کے لیے ویڈیو کالز میں پکچر ان پکچر سپورٹ متعارف کرائی گئی تھی۔
اسی طرح جولائی میں میسجنگ پلیٹ فارم میں مختصر ویڈیو میسجز کے فیچر کا اضافہ بھی کیا گیا۔

 

#MarkZuckerbergMetaNew Feature LaunchScreen SharingWhatsApp