کورونا سے نمٹنے کیلیے ایشیائی ترقیاتی بینک پاکستان کو 25 کروڑ ڈالر دیگا

اسلام آباد: ایشیائی ترقیاتی بینک پاکستان کو کووڈ سے نمٹنے کے لیے 25 کروڑ ڈالر دے گا۔
نجی ٹی وی کے مطابق ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کے لیے 25 کروڑ ڈالر کی منظوری دے دی ہے، رقم کووڈ 19 وائرس سے نمٹنے کے لیے استعمال ہوگی۔
دوسری جانب ایشیائی ترقیاتی بینک سے پنجاب کے 2 اضلاع میں ترقیاتی منصوبوں کے معاہدے پر بھی دستخط ہوگئے ہیں، معاہدے پر وزیراعظم نے دستخط کیے ہیں، اس حوالے سے وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی نوجوانان عثمان ڈار نے کہا کہ معاہدے کے تحت ساہیوال اور سیالکوٹ میں 40 ارب روپے کے ترقیاتی کام ہوں گے، سیالکوٹ میں 15 ارب روپے کی لاگت سے نكاسی آب، سینی ٹیشن اور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ سے متعلق منصوبے مکمل ہوں گے، اس کے علاوہ پارکس کا قیام اور شہر کی خوبصورتی کے متعدد منصوبے بھی معاہدے کا حصہ ہیں۔
خیال رہے کہ ایشیائی ترقیاتی بینک نے گزشتہ سال پاکستان کے لیے بجٹ میں معاونت کے طور پر 80 کروڑ ڈالر بطور قرض فراہم کرنے کی منظوری دی تھی، جس کی دوسری قسط 30 کروڑ ڈالر کی جلد ہی فراہم کردی جائے گی، اعداد و شمار کے مطابق اے ڈی بی کی جانب سے پاکستان کو اب تک رواں مالی سال کے دوران قریباً ایک ارب ڈالر قرض فراہم کیا جاچکا ہے۔

ADBCovid19Pakistan