عدلیہ میں زیادہ سے زیادہ جمہوری اقدار لائیں گے، چیف جسٹس

لاہور: چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزار احمد کا کہنا ہے کہ عدلیہ میں زیادہ سے زیادہ جمہوری اقدار لائیں گے اور اُسی اقدار کے تحت آگے بڑھیں گے۔
جسٹس گلزار احمد نے لاہور میں پنجاب بار کونسل میں وکلا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بینچ اور بار کے درمیان فاصلہ کم کرنے کے لیے ہم نئے راستے نکال رہے ہیں، وکلا اور ججز کے درمیان جو فاصلہ تھا، کافی حد تک کم کردیا ہے، وکلا اور جج کے درمیان معاملات پر دونوں کو اعتماد میں لے کر عملی جامہ پہنایا جاتا ہے، وکلا کی مشاورت سے ججز کے بہت سے معاملات درست کیے ہیں، باہمی مشورے سے مزید ججز بھرتی کریں گے۔
چیف جسٹس نے کہا کہ وکلا برادری اپنے کام میں نئے طریقے نکالیں، جب سے جج بنا ہوں میرے سامنے کسی وکیل نے قانونی کتاب نہیں کھولی، کسی وقت میں بھی بہت گرم مزاج وکیل تھا، وکلا کو کسی بھی طرح پُرتشدد نہیں ہونا چاہیے، جج صاحبان سے لڑنے کی کوئی ضرورت نہیں، وکلا اور ججوں میں کوئی تفریق نہیں، ہم اپنے سسٹم میں جمہوری اقدار لے کر آئیں گے، انہی جمہوری اقدار کے تحت ہم آگے بڑھیں گے۔

Chief Justice of Pakistan