کراچی: ٹی وی اور فلم کی مقبول اداکارہ اُشنا شاہ نے ایک ذہنی بیماری میں مبتلا ہونے کا انکشاف کیا ہے، جس میں وہ چہرے پہچاننے کی صلاحیت سے محروم ہورہی ہیں۔
اُشنا نے انسٹاگرام پر شیئر کردہ اسٹوری میں بتایا کہ وہ پراسوپیگنوسیا نامی بیماری کا شکار ہیں، جسے چہرے کا اندھا پن بھی کہا جاتا ہے۔
اُشنا شاہ نے لکھا کہ یہ بیماری ان کے لیے ایک تلخ حقیقت بن چکی اور وہ اکثر لوگوں کے چہرے پہچاننے میں دشواری محسوس کرتی ہیں، جو کبھی ان کے لیے ایک مذاق کی بات ہوتی تھی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ وہ اس پیغام کو اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ کے ہائی لائٹس میں محفوظ کررہی ہیں تاکہ لوگ ان کی حالت کو سمجھ سکیں اور بدگمانی کا شکار نہ ہوں۔
اداکارہ نے معاشرے میں پراسوپیگنوسیا کی آگاہی کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ بیماری کافی لوگوں کو متاثر کررہی ہے، اور وہ یقین رکھتی ہیں کہ وہ اکیلی نہیں جو اس مرض کا شکار ہوں۔