خانیوال: معروف عالم دین مولانا طارق جمیل سے سینئر اداکارہ ریما خان نے ملاقات کی اور اُن کے بیٹے عاصم جمیل کے انتقال پر اظہارِ تعزیت بھی کیا۔
ریما خان نے حال ہی میں مولانا طارق جمیل سے ملاقات کی، جس کی تصویر اُنہوں نے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر پوسٹ کی اور ساتھ ہی کیپشن میں ایک نوٹ بھی لکھا۔
اداکارہ نے کہا کہ میں نے مولانا طارق جمیل سے ان کے بیٹے عاصم جمیل کے انتقال پر تعزیت کرنے کے لیے ملاقات کی۔
اُنہوں نے کہا کہ اس ملاقات کے دوران، مولانا صاحب اور ان کے اہل خانہ نے مجھے جو سبق دیا وہ یہ تھا کہ ہر حال میں اللہ تعالیٰ کے سامنے سر جھکانا چاہیے اور اللہ کی مرضی پر راضی ہونا چاہیے۔
ریما خان نے مولانا طارق جمیل اور اُن کے اہل خانہ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ میں نے مولانا صاحب کی زندگی میں بھی وہ سب دیکھا ہے جس کی وہ تبلیغ کرتے ہیں، وہ اور اُن کے اہل خانہ ناصرف زبانی طور پر اسلام کی تبلیغ کررہے ہیں بلکہ عملی طور پر بھی اسلام سے وفاداری کا مظاہرہ کررہے ہیں۔
آخر میں ریما خان نے مولانا طارق جمیل کی لمبی عُمر کی دُعا کی اور کہا کہ اللہ! مولانا صاحب اور اُن کے اہلخانہ کو عاصم جمیل کے انتقال پر صبر عطا کرے، آمین۔
خیال رہے کہ 29 اکتوبر کو مولانا طارق جمیل کے صاحبزادے عاصم جمیل گولی لگنے سے جاں بحق ہوگئے تھے، ڈی ایس پی میاں چنوں سلیم مارتھ کے مطابق عاصم جمیل نے اپنے سینے پر گولی مار کر خود کشی کی تھی، وہ طویل عرصے سے ذہنی امراض کا شکار تھے۔