کراچی: اداکارہ نوین وقار نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ ایک سے زائد مرتبہ بھوتوں کا تجربہ کرچکی ہیں۔
حال ہی میں ایک ویب انٹرویو کے دوران اداکارہ نوین وقار سے میزبان نے بھوتوں کے ساتھ کیے گئے تجربے سے متعلق سوال کیا، جس پر نوین کا کہنا تھا کہ وہ ایک سے زیادہ مرتبہ بھوتوں کے ہونے کا تجربہ کرچکی ہیں۔
اداکارہ نے کہا کہ میں آسانی سے نہیں ڈرتی اور اگر کوئی عجیب بات ہو بھی رہی ہو تو میں بالکل ایسے رہتی ہوں جیسے میں کیا کرسکتی ہوں۔
انہوں نے اپنے بچپن کو یاد کرتے ہوئے بتایا کہ جب میں چھوٹی تھی تو میری نانی کے گھر میں ایک آم کا درخت تھا، اس گھر میں ہمیں مستقل کوئی نہ کوئی آواز دے کر بلارہا ہوتا تھا، لیکن جب ہم جاکر والدہ سے پوچھتے تھے کہ آپ نے ہمیں بلایا تو وہ منع کردیتی تھیں، دروازہ زور سے بند ہونا جیسے بہت سے واقعات رونما ہوئے جن سے ہمیں محسوس ہوجاتا تھا کہ کوئی ہے۔
نوین کا مزید کہنا تھا کہ ہر گھر کی ایک عجیب و غریب محسوسیت (aura) ہوتی ہے، جس کے باعث آپ منفی اور مثبت احساس محسوس کرتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ میں ان چیزوں پر یقین رکھتی ہوں۔