کراچی: گلوکار عاصم اظہر کے ساتھ منگنی کے خاتمے کے بعد بالآخر اداکارہ اور ماڈل میرب علی نے خاموشی توڑ دی۔
میرب علی اور گلوکار عاصم اظہر کی تین برس پہلے منگنی ہوئی تھی، تاہم گزشتہ ہفتے اچانک ان کی علیحدگی کی خبریں سامنے آئیں۔ یہ خبر اس وقت منظرعام پر آئی جب عاصم اظہر نے منگنی ختم کرنے سے متعلق انسٹاگرام پر ایک بیان جاری کیا۔
اس کے بعد سوشل میڈیا پر ان کی علیحدگی سے متعلق تبصرے اور چہ میگوئیاں شروع ہوگئیں، لیکن دونوں جانب سے کوئی تفصیل بیان نہیں کی گئی۔
علیحدگی کے بعد میرب علی مختلف تقریبات میں نظر آئیں اور اپنے قریبی دوستوں و خاندان کے ساتھ وقت گزارتی رہیں۔ وہ اپنے پیشہ ورانہ معاملات میں بھی سرگرم ہیں تاہم طویل خاموشی کے بعد میرب علی نے اب انسٹاگرام اسٹوریز کے ذریعے اپنے جذبات کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے لکھا کہ اللہ میرے دل کی حالت جانتا ہے اور یہی میرے لیے کافی ہے۔ ان کا یہ بیان سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا ہے، جہاں صارفین نے ملے جُلے ردعمل دیے ہیں۔
کچھ افراد نے اس بیان کو توجہ حاصل کرنے کی کوشش قرار دیا جب کہ دوسروں نے اس کی حمایت کی۔ میرب نے انسٹااسٹوری پر پھولوں کی تصویر بھی شیئر کی ہے جس میں ایک پیغام بھی لکھا ہے، جس میں اداکارہ کی مشکل وقت میں حوصلہ افزائی کی گئی ہے۔