کراچی : عادل راجا کی جانب سے لگائے گئے بے ہودہ الزامات پر اداکارہ مہوش حیات کا کہنا ہے کہ اب ان کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوگیا ہے۔
گزشتہ روز اداکارہ مہوش حیات اور وکیل خواجہ نوید نے عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کی، اس دوران مہوش حیات نے کہا کہ جو باتیں پھیلائی جارہی ہیں اس سے میں اور میر اخاندان ذہنی اذیت سے گزر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں آرٹسٹوں کی قدر کی جاتی ہے، لیکن بیمار ذہنیت کے لوگوں کا مشغلہ ان کی بے عزتی کرنا ہے، سوشل میڈیا پر بیمار ذہنیت کے لوگ موجود ہیں، عام لوگ بھی غلط افواہوں پر بنا سوچے سمجھے یقین کرلیتے ہیں، مجھے عدلیہ سے انصاف کی امید ہے۔
مہوش حیات کا کہنا تھا کہ خواتین کی عزت کرنا سب کی ذمے داری ہے، کسی کے خلاف منفی مہم چلانا جرم ہے، سوشل میڈیا پر ان چیزوں کو آگے پھیلانے والے بھی اس جرم کے مرتکب ہیں، یہ غیر اخلاقی حرکت ہے اس پر سخت ایکشن لینا چاہیے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز اداکارہ مہوش حیات نے عادل راجا کے خلاف سندھ ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی تھی، جس پر سماعت کرتے ہوئے سندھ ہائی کورٹ نے مہوش حیات کے خلاف سوشل میڈیا پر موجود مواد ہٹانے کا حکم دیا تھا۔