نیویارک: پاکستان اس وقت بدترین سیلاب کی لپیٹ میں ہے۔ ایسے میں سیلاب زدگان کے لیے فنڈز جمع کرنے کی خاطر جہاں شوبز متعدد شخصیات متحرک دکھائی دیتی ہیں، وہیں اداکارہ میرا متاثرین کی مدد کے لیے پیش پیش ہیں۔
میرا نے امریکی شہر نیویارک کے پوش علاقے میں سیلاب متاثرین کے لیے فنڈز جمع کرنے کے لیے پرفارمنس دی، جسے درجنوں افراد نے دیکھا۔
اداکارہ نے اپنے انسٹاگرام اور ٹوئٹر پر نیویارک کی سڑکوں پر پرفارمنس کی ویڈیوز شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے متاثرین کی بحالی اور مدد کے لیے ایک فنڈ ریزنگ ایونٹ کے تحت وہاں رقص کیا۔
انہوں نے اپنی پوسٹ میں دنیا بھر کے مسلمانوں سے اپیل کی کہ وہ سیلاب سے متاثرہ پاکستانی افراد کے لیے اپنے دل کے دروازے کھولیں اور جتنا ہوسکے ان کے لیے عطیات دیں۔
میرا نے اپنی پوسٹ میں مداحوں اور عوام کو پاکستان میں سیلاب کی تباہ کاریوں سے متعلق بھی آگاہ کیا۔
انہوں نے نیویارک کے علاقے منہٹن میں پرفارمنس کی ویڈیو بھی انسٹاگرام اور ٹوئٹر پر شیئر کی، جس میں انہیں پرانے پاکستانی گانے پر پرفارمنس کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔
پرفارمنس کے دوران اداکارہ میرا نے روایتی سرخ رنگ کا لباس پہن رکھا تھا اور انہوں نے روایتی ایشیائی رقص کیا، جسے درجنوں افراد نے دیکھا۔
علاوہ ازیں اداکارہ نے انسٹاگرام پر سیلاب متاثرین کے لیے عطیات جمع کروانے کے لیے اپنا بینک اکاؤنٹ بھی دے دیا اور لوگوں کو اس میں زیادہ سے زیادہ عطیات جمع کروانے کی اپیل کی۔