کراچی: ماڈل و اداکارہ مائرہ خان کا کہنا ہے کہ وہ فیمنزم پر زیادہ یقین نہیں رکھتیں، ان کا ماننا ہے کہ عورت کو گھر میں ہی رہنا چاہیے۔
مائرہ خان نے ایک پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ عورت ہیں، وہ کسی سے اظہار محبت نہیں کرسکتیں، یہ کام لڑکے کو ہی کرنا ہوگا۔
اس پر میزبان نے کہا کہ کچھ عرصہ قبل مہم چلی تھی کہ مرد اور خاتون ایک ہیں، جس پر مائرہ خان نے کہا کہ وہ ہیش ٹیگ فیمنزم پر اتنا یقین نہیں رکھتیں، ان کا ماننا ہے کہ عورت کو گھر کے اندر ہی رہنا چاہیے اور اسے گھر کے اندر ہی ساری سہولتیں فراہم کی جانی چاہئیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ ان کا خیال ہے کہ خواتین کو اپنا، گھر کا اور بچوں کا خیال رکھنے پر توجہ دینی چاہیے، انہیں شاپنگ کرنی چاہیے، انہیں پیسے ملتے رہیں اور وہ انہیں خرچ کرتی رہیں۔
مائرہ خان نے مسکراتے ہوئے کہا کہ جب سے ہیش ٹیگ فیمنزم اور ہیش ٹیگ فیمنسٹ آیا ہے، تب سے ہر کوئی نعرے لگارہا ہے کہ ہم برابر ہیں، ہم بھی کام کریں گے لیکن انہیں کام نہیں کرنا، وہ برابر نہیں۔
مائرہ خان کے مطابق وہ عورت ذات ہیں، وہ برابر نہیں، انہیں باہر جاکر کام بھی نہیں کرنا، کمائی کرکے انہیں ہاتھ میں پیسے دینا مرد کی ذمے داری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان کی زندگی میں کوئی نہ کوئی ایسا مرد آئے گا جو انہیں کما کر دے گا اور وہ خرچ کرتی رہیں گی۔
مائرہ خان کی بات پر سوشل میڈیا صارفین نے دلچسپ تبصرے کرتے ہوئے ان کی بات سے اتفاق بھی کیا جب کہ بعض افراد نے ان پر تنقید کرتے ہوئے لکھا کہ ایسا ہے تو پھر وہ خود کیوں باہر ہیں اور کیوں کماتی نظر آتی ہیں؟