کراچی: بین الاقوامی شہرت یافتہ پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان گھریلو تشدد اور جنسی زیادتی کے خلاف میدان میں آگئی ہیں۔
گھریلو تشدد اور جنسی حملوں کے خلاف ماہرہ خان ’کامن ویلتھ‘ کی مہم کا حصہ بن گئی ہیں۔ انسٹاگرام پر ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے اداکارہ کا کہنا تھا کہ میں گھریلو تشدد اور جنسی حملوں کے خلاف عالمی مہم میں سب کو شرکت کی دعوت دیتی ہوں۔
ویڈیو کے کیپشن میں ماہرہ نے لکھا کہ ہم گھریلو تشدد اور جنسی استحصال کے بارے میں جانتے ہیں یا پھر باقاعدہ اس کا تجربہ کرچکے ہیں۔ ہم اس بارے میں جتنی زیادہ بات کرتے ہیں خاموشی ٹوٹتی جاتی ہے۔
اداکارہ نے ایک اور پوسٹ انسٹاگرام پر شیئر کی جس میں لکھا تھا کہ آئیں خاموشی کے اس کلچر کو توڑ ڈالیں جو ایک عرصے سے گھریلو اور جنسی تشدد کے خلاف آواز اٹھانے سے روکتا ہے۔
ماہرہ خان ’کامن ویلتھ‘ ممالک کی ’جوائن دی کورس‘ مہم کا حصہ ہیں۔ اس مہم میں 54 ممالک سے تعلق رکھنے والے شوبز ستاروں سمیت کھلاڑی اور دیگر سوشل میڈیا پر اثر رکھنے والی شخصیات شامل ہیں۔