لاہور: عفت عمر ڈرامہ انڈسٹری کے مستقبل سے خاصی مایوس ہیں اور اس وجہ سے ماڈل و سینئر اداکارہ نے شوبز کی دنیا کو خیرباد کہنے کا اعلان کیا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق اداکارہ عفت عمر نے ایک انٹرویو میں کہا کہ میں پاکستانی شوبز انڈسٹری میں مزید کام نہیں کروں گی کیونکہ یہاں پر میرے مطلب کا کام موجود نہیں اور یقین کریں میں پاکستانی ڈرامے دیکھنا بھی پسند نہیں کرتی۔
انہوں نے بتایا کہ 26 سال کی عمر میں شادی ہوگئی تھی جس کے بعد شوبز کی دنیا سے دور ہوگئی تھی اور پھر ماں کے کردار سے انڈسٹری میں واپسی کی، لیکن شدید مایوسی ہوئی، اب اپنے کام سے خوشی محسوس نہیں کررہی جس کی وجہ اچھے ڈراموں کا نہ بننا ہے۔
خیال رہے کہ عفت عمر نے اپنے کیریئر کا آغاز دو دہائی قبل ماڈلنگ اور ایکٹنگ سے کیا تھا۔ اُن کا شمار ملک کی معروف اداکارائوں میں کیا جاتا ہے۔