کراچی: شہر قائد کے علاقے ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی میں واقع ایک فلیٹ سے معروف اداکارہ اور ماڈل 32 سالہ حمیرا اصغر علی کی لاش ملی ہے۔ والد نے کراچی آکر لاش وصول کرنے سے انکار کردیا ہے۔
گذری تھانے کی پولیس نے تصدیق کی کہ اداکارہ کی لاش قریباً دو ہفتے پرانی تھی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اداکارہ 2018 سے فلیٹ میں کرائے پر اکیلی رہ رہی تھیں اور 2024 سے کرایہ ادا نہیں کیا تھا۔
جس پر فلیٹ کے مالک نے خاتون کے خلاف کیس کیا ہوا تھا اور آج بیلف فلیٹ خالی کروانے پہنچا تھا۔ دروازہ کھٹکھٹانے پر اندر سے کوئی جواب نہیں آیا۔
جس پر تالا توڑ کر فلیٹ کے اندر داخل ہوئے تو وہاں اداکارہ کی لاش پڑی تھی۔ ابتدائی تحقیق میں موت کی وجہ کا تعین نہیں ہوسکا۔
پولیس سرجن ڈاکٹر سمیہ سید نے تصدیق کی کہ لاش شدید گلنے سڑنے کے مرحلے میں ہے۔
تاہم حیران کن طور پر فلیٹ پر پہنچنے والی ٹیم اور آس پاس رہنے والوں کو لاش کی بو محسوس نہیں ہوئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ کرائم سین یونٹ نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرلیے۔ واقعے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں۔
اداکارہ حمیرا اصغر کے گھر والوں نے کراچی آکر بیٹی کی لاش وصول کرنے سے انکار کر دیا ہے۔
ایس ایس پی ساؤتھ مہزورعلی کے مطابق مالک مکان سے حمیرا کا نمبر حاصل کیا گیا اور سی ڈی آر نکالا گیا جس کے بعد پولیس کا متوفیہ حمیرا اصغر کے والد اور بھائی سے رابطہ ہوا، تاہم حمیرا کے والد نے کراچی آنے سے انکار کردیا۔
ایس ایس پی ساؤتھ نے بتایا کہ حمیرا کے والد کا کہنا ہے کہ انہوں نے ڈیڑھ سے دو سال قبل حمیرا سے قطع تعلق کرلیا تھا، ایس ایس پی نے حمیرا کے والد کو قائل کرنے کی کوشش کی کہ کراچی پہنچ کرلاش وصول کریں لیکن انہوں نے دوبارہ پولیس سے رابطہ نہیں کیا۔
ایس ایس پی ساؤتھ کا کہنا ہے کہ کوشش کررہے ہیں کہ گھر والے جلد از جلد آجائیں تاکہ مزید کارروائی کو آگے بڑھایا جاسکے۔
ان کا کہنا تھا کہ کوشش کی جائے گی کہ مقدمہ لواحقین کی مدعیت میں درج ہو تاہم اگر اہل خانہ نے انکار کیا تو پولیس اپنی مدعیت میں مقدمہ درج کرے گی۔