کراچی: پاکستانی اداکارہ فضا علی نے اپنی تیسری شادی کا اعلان کرتے ہوئے بتایا ہے کہ انہوں نے اعجاز خان کے ساتھ سادگی اور نجی تقریب میں نکاح کر لیا ہے۔
اداکارہ نے عیدالفطر کے پہلے روز اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر تصاویر شیئر کیں، جن میں ان کے نئے جیون ساتھی اور بیٹی بھی نظر آرہے ہیں۔ ان تصاویر میں ان کی نئی زندگی کے خوش گوار لمحات واضح طور پر جھلک رہے ہیں۔
سادہ مگر دلکش انداز میں سامنے آنے والی ان تصاویر میں فضا علی سیاہ رنگ کے نیم رسمی لباس کے ساتھ بھورے رنگ کا کڑھائی والا دوپٹہ اوڑھے دکھائی دیں جب کہ اعجاز خان سادہ شلوار قمیص کے ساتھ سیاہ کوٹ میں ملبوس تھے۔
اپنی پوسٹ میں فضا علی نے جذباتی انداز میں لکھا کہ 41 برس کی عمر میں اللہ نے انہیں وہ محبت اور خوشی عطا کی جس کا وہ طویل عرصے سے انتظار کررہی تھیں اور اب انہیں اپنا جیون ساتھی مل گیا ہے۔
انہوں نے مزید لکھا کہ آج سے میں صرف فضا علی نہیں بلکہ مسز اعجاز خان ہوں، ساتھ ہی انہوں نے مداحوں سے اپنی نئی زندگی کے لیے دعاؤں کی درخواست بھی کی۔
خیال رہے کہ فضا علی نے 2007 میں فواد فاروق سے شادی کی تھی اور دونوں کی ایک بیٹی بھی ہے۔ شادی کے 3 سال بعد دونوں کے درمیان طلاق ہوگئی تھی۔
بعدازاں فضا علی نے 2018 میں کاروباری شخصیت ایاز ملک سے شادی کی تھی مگر یہ بھی زیادہ دن تک قائم نہ رہ سکی تھی، فضا علی نے ایک انٹرویو میں کہا کہ وہ شادی تب ہی کریں گی جب انہیں کوئی ایسا شخص ملے جو ان کی بیٹی کو قبول کرے گا۔