کراچی: معروف جڑواں بہنوں کی اداکار جوڑی ایمن خان اور منال خان کے بھائی معاذ خان کی شادی کی تقریبات شاندار انداز میں منعقد ہوئیں۔
معاذ خان کی شادی ڈیجیٹل کریئیٹر صبا خان سے ہوئی جن کے ساتھ ان کا نکاح گزشتہ سال ایک نجی تقریب میں ہوا تھا۔
اس شادی کی باقاعدہ تقریبات کا آغاز مایوں سے ہوا جس میں ایمن اور منال نے بھرپور شرکت کی اور روایتی لباسوں میں شرکت کر کے خوب داد سمیٹی۔
بارات اور رخصتی کی تقریب کراچی میں منعقد ہوئی، جہاں دلہن صبا نے سرخ رنگ کا بھاری کام والا روایتی لہنگا پہنا اور معاذ خان نے سیاہ شیروانی کا انتخاب کیا۔
ایمن اور منال خان نے اس موقع پر سنہری انگرکھا اسٹائل کے دیدہ زیب لباس زیب تن کیے جن پر روایتی دبکا، کورا اور دھاگے کا کام کیا گیا تھا۔
شادی کی یہ تمام تقریبات سوشل میڈیا پر خاصی وائرل ہوچکی ہیں۔ مداحوں نے ایمن اور منال کی تصاویر اور ویڈیوز کو پسند کرتے ہوئے جوڑے کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔
ایمن اور منال نے اپنی انسٹاگرام اسٹوریز اور پوسٹس کے ذریعے شادی کے حسین لمحات مداحوں کے ساتھ شیئر کیے جنہیں لاکھوں صارفین نے پسند کیا۔