کراچی: اداکار فیصل قریشی کا نیا ڈرامہ خئی آج کل تیزی سے مقبول ہورہا ہے، اس حوالے سے نجی ٹی وی سے گفتگو میں اُن کا کہنا تھا کہ خئی کی شوٹنگ گلگت اور بلتستان کے علاقوں میں کی گئی، ڈائریکٹر وجاہت حسین نے اپنی ہی تخیلاتی دنیا بسائی ہے، یہی وجہ ہے کہ اس دنیا کا کلچر بالکل مختلف ہے۔ ہم نے کہیں بلوچی، کہیں پختون لباس زیب تن کیا ہے۔ ڈرامے میں بہت سی جگہ پر آپ کو بلتستان کا ٹچ بھی محسوس ہوگا لیکن یہ ڈائریکٹر کے مختلف کلچرز کو سمیٹنے کی ایک کوشش ہے، انہوں نے کمال ہدایت کاری کی ہے۔ ایک شادی کے سین میں تین سو بندوقوں کا استعمال کیا گیا تھا، سین میں دلہن بنی زمدہ اور چنار خان کی گفتگو دکھائی گئی تھی۔
فیصل قریشی نے مزید نے کہا کہ انہیں بہت سے لوگوں کے میسجز موصول ہوئے کہ ہم بھی اس طرح کی قبائلی دشمنی کا تجربہ رکھتے ہیں جہاں بڑوں کی دشمنی کی وجہ سے علاقے بھی چھوڑنے پڑے۔
انہوں نے کہا، وہ نام تو نہیں لے سکتے لیکن بہت سے لوگوں نے انہیں بتایا ہے کہ یہ کہانی ان کی زندگی سے ملتی ہے اور ایسی دشمنی ہوتی ہے، البتہ کچھ دوست ناراض ہوئے کہ ہم نے پٹھانوں کو اتنا ظالم یا دشمنی رکھنے والا کیوں دکھایا ہے، ان لوگوں کو بتانا چاہتا ہوں کہ اس کہانی میں کسی ذات یا برادری کو نشانہ نہیں بنایا گیا ہے۔ خئی ہماری ایک تخیلاتی دنیا ہے۔
فیصل قریشی نے کہا کہ خئی کا اسکرپٹ ملتے ہی جب اپنا کردار پڑھا تو بہت متاثر ہوا، اسکرپٹ بہت مضبوط اور جاندار تھا۔ جیسے جیسے کہانی آگے بڑھ رہی ہے دیکھنے والوں کا تجسس بڑھ رہا ہے کہ اب کیا ہونے والا ہے ؟ یہی کسی بھی اسکرپٹ کی کامیابی کی ضمانت ہے۔
فیصل قریشی نے بتایا کہ مجھ سے بہت سے دوست ناراض ہوگئے ہیں، اب تک میں 3 سے 4 اسکرپٹس کو منع کرچکا ہوں۔ اس کی وجہ ہے کہ کہانیاں جاندار نہیں آرہی ہیں، میں سمجھتا ہوں کہ اگر میں خود اپنا کام انجوائے نہیں کررہا تو دیکھنے والے کیسے کریں گے۔ یہی وجہ تھی جب خئی کا اسکرپٹ مجھے ملا تو اچھی تحریر کی وجہ سے میں منع نہیں کرسکا، آج کل اچھے اسکرپٹ کا ملنا خوش نصیبی ہے۔
فیصل قریشی جلد ہی ڈائریکٹر ابوعلیحہ کی پنجابی فلم مینگو جٹ میں اداکارہ حریم فاروق کے ساتھ مرکزی کردار ادا کریں گے جو بڑی عید پر ریلیز کی جائے گی۔
اس کے علاوہ وہ ڈائریکٹر رافع راشدی کی ہارر فلم دیمک میں بھی کام کررہے ہیں جس میں ان کے ہمراہ سونیا حسین ہیں۔
مینگو جٹ کے بارے میں انہوں نے کہا کہ جب ابوعلیحہ نے فلم کا اسکرپٹ سنایا تو میں حیران ہی ہوگیا، بہت ہی کمال اسکرپٹ تھا اس میں ہمارے ساتھ پنجاب کے نامور اداکار ہیں۔ ابو علیحہ نے مجھے کہا تھا کہ مینگو جٹ کا کردار صرف آپ پر ہی جچتا ہے تو میں مینگو جٹ بننے پر راضی ہوگیا، اس وقت بریک پر ہوں کیونکہ جو حلیہ میرا اس وقت ہے اس میں سے مینگو جٹ نکالنا ہے، ہاں جو ہارر فلم ہے وہ بھی بہت مزے کی کہانی ہے آپ کو یہ فیملی کے گرد گھومتی دکھائی دے گی مگر جس خوبصورتی سے رافع راشدی نے اسے ڈائریکٹ کیا ہے، دیکھنے والوں کو بہت مزا آئے گا۔
فیصل کا کہنا تھا کہ مینگو جٹ میں آپ مجھے ناچتا ہوا بھی دیکھیں گے اور آپ کو یہ کردار بالکل بور نہیں کرے گا۔