سینیئر ٹی وی اداکار انور اقبال شدید علیل ہیں

پاکستان ٹیلی وژن کے سینیئر اداکار انور اقبال بلوچ ان دلوں شدید علیل ہیں۔ انہیں کچھ روز قبل علاج کے لیے مقامی اسپتال منتقل کیا گیا تھا، حالت بہتر ہونے پر آج انہیں گھر منتقل کردیا گیا ہے۔ انور اقبال کے اہل خانہ نے مداحوں سے ان کی صحتیابی کے لیے دعا کی اپیل کی ہے۔

انور اقبال نے 1970ء کی دہائی میں پاکستان ٹیلی وژن سے اپنے فنی کیریئر کا آغاز کیا تھا۔ پی ٹی وی کی تاریخ کے کامیاب ترین ڈرامے شمع میں انہوں نے لازوال کردار ادا کیا تھا۔ اس کے بعد انہوں نے نسیم حجازی کے لکھے ہوئے تاریخی کھیلوں کے علاوہ لاتعداد ٹی وی ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔ ان میں آخری چٹان نے ملک گیر شہرت حاصل کی تھی۔ انور اقبال نے اسٹیج اور کئی فلموں میں بھی کام کیا۔ وہ پاکستان کی پہلی بلوچی فلم کے ہیرو بھی ہیں، بدقسمتی سے یہ فلم ریلیز نہ ہوسکی۔ انور اقبال نے پاکستان ٹیلی ویژن پر نہ صرف اداکاری کے جوہر دکھائے بلکہ کئی ڈراموں کی ہدایات بھی دیں۔

انہیں حکومت پاکستان کی جانب سے بہترین اداکاری کے اعتراف میں اعلیٰ سول اعزاز تمغہ امتیاز سے بھی نوازا جاچکا ہے۔ ان کی خدمات کے اعتراف میں دو برس قبل پنجاب ھکومت نے بھی لاہور میں ایک تقریب پذیرائی کا اہتمام کیا تھا اس کے علاوہ آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں ابھی انور اقبال کے اعزاز میں خصوصی تقریب منعقد کی جاچکی ہے، جس میں ملک بھر سے فنکاروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی تھی۔

Actor Anwer Iqbal discharged from hospitalLegendry actor Anwer Iqbal seriously ill