لاہور: پرائس کنٹرول مجسٹریٹ کاشف بشیر کی غلطی پر انتظامیہ نے ان کے خلاف فوری کارروائی کا آغاز کردیا۔
رائیونڈ میں سبزی فروش کے خلاف غلط استغاثہ بھرنے پر ڈپٹی کمشنر لاہور مدثر ریاض ملک نے سخت کارروائی کرتے ہوئے مجسٹریٹ کاشف بشیر سے اختیارات واپس لے لیے۔
ڈی سی لاہور نے کاشف بشیر سے اختیارات واپس لینے کا لیٹر خود دستخط کرکے جاری کیا اور کاشف بشیر سے جواب طلبی بھی کرلی۔ ڈی سی لاہور نے مجسٹریٹ کاشف بشیر کو کسی بھی قسم کی پرائس کنٹرول کی چیکنگ سے فوری روک دیا۔ کاشف بشیر کو پرائس کنٹرول ایکٹ 1977 کے تحت اختیارات دیے گئے تھے۔
گزشتہ روز لاہور کی رائیونڈ پولیس نے ’سستی‘ سبزی فروخت کرنے پر دکان دار کو گرفتار کرکے اس کے خلاف ایف آئی آر بھی کاٹ دی ہے۔ سبزی سستی فروخت کرنے پر درج ہونے والی ایف آئی آر کے متن کے مطابق سبزی فروش وقاص محمد رائیونڈ روڈ پر سرکاری ریٹ لسٹ سے کم قیمت پر سبزی فروخت کررہا تھا، جس پر پرائس کنٹرول مجسٹریٹ چوہدری کاشف بشیر کی مدعیت میں اس کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔