اسلام آباد: پشتونخوا ملی عوامی پارٹی (پی کے میپ) کے سربراہ اور رکن قومی اسمبلی محمود خان اچکزئی نے پی ٹی آئی سے سول نافرمانی کی تحریک مؤخر کرنے کی اپیل کردی۔
محمود خان اچکزئی کا کہنا تھا کہ حکومت کے ساتھ مذاکرات وقت کی اہم ضرورت ہیں، پی ٹی آئی سے اپیل ہے کہ سول نافرمانی کی تحریک مؤخر کردیں۔
ان کا کہنا تھا پی ٹی آئی کو مشورہ دیا ہے کہ مذاکرات میں طے ہونا چاہیے کہ حکومت کب ہٹے گی، بات چیت سے مسائل کا حل نکلے تو اس سے اچھی کوئی اور بات نہیں ہے، اگر بات چیت سے مسائل حل نہیں ہوتے تو تحریک چلانی پڑے گی۔
محمود خان اچکزئی نے کہا کہ مذاکرات کی کامیابی کی صورت چار ماہ میں انتخابات کا مطالبہ کرتا ہوں۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ گزشتہ روز ہونے والے اپوزیشن اتحاد کے اجلاس میں محمود اچکزئی نے کہا کہ بغیر حکمت عملی چڑھ دوڑنے سے بہتر ہے ضلعی سطح پر احتجاج ہو، رہنماؤں کے نرم رویے سے اپنا ہی نقصان ہوا، پی ٹی آئی قیادت کے فیصلوں میں ابہام سے نقصان ہوا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ محمود اچکزئی نے بانی کی رہائی کیلئے حکمت عملی کے فقدان کی نشان دہی کی۔
ذرائع کے مطابق اپوزیشن اتحاد نے ماضی قریب میں پی ٹی آئی کے سولو فلائٹ کے بیانات کا ذکر کیا۔
دھیان رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان نے 14 دسمبر سے ملک میں سول نافرمانی کی تحریک شروع کرنے کا اعلان کیا تھا جب کہ پی ٹی آئی رہنماؤں کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ اگر حکومت کے ساتھ مذاکرات کامیاب نہیں ہوتے تو سول نافرمانی کی تحریک پر ہر صورت عمل درآمد ہوگا۔