کراچی: عدالت نے کارساز پر گاڑی کی ٹکر سے باپ بیٹی کے جاں بحق ہونے کے کیس میں ملزمہ کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔
کراچی کے علاقے کارساز میں باپ بیٹی کو روڈ حادثے میں کچلنے کے کیس کی سماعت مقامی عدالت میں ہوئی، جہاں پولیس نے ملزمہ کو جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت میں پیش کیا۔
دوران سماعت پولیس نے ملزمہ کے 14 دن کے ریمانڈ کی استدعا کی، جس پر ملزمہ کے وکیل نے کہا کہ میری مؤکلہ کے خلاف دفعات قابل ضمانت ہیں، اس پر تفتیشی افسر نے کہا کہ مقدمے میں قتل بالسبب کی دفعہ 322 کا اضافہ کیا ہے اور دفعہ 322 ناقابل ضمانت ہے۔
سماعت کے دوران عدالت نے خاتون سے پوچھا کہ پولیس نے آپ پر کوئی تشدد تو نہیں کیا؟ اس پر خاتون نے نفی میں جواب دیا۔
بعدازاں عدالت نے ملزمہ کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا اور آئندہ سماعت پر تفتیشی افسر کو چالان پیش کرنے کا حکم دیا۔
خیال رہے کہ 2 روز قبل کارساز روڈ پر بے قابو گاڑی نے موٹرسائیکل سوار اور راہ گیروں کو کچل دیا تھا جس سے موٹرسائیکل سوار باپ، بیٹی جاں بحق ہوگئے اور 5 افراد زخمی بھی ہوئے تھے۔