فلوریڈا: امریکا سے تعلق رکھنے والی خاتون نے اپنے بالوں کی لٹیں 110 فٹ تک بڑھا کر گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں اپنا نام درج کرالیا۔
گنیز ورلڈ ریکارڈ کا کہنا ہے کہ امریکی ریاست فلوریڈا سے تعلق رکھنے والی 60 سالہ آشا منڈیلا نے پہلی بار لمبی لٹوں کا عالمی ریکارڈ 2009 میں اپنے نام کیا تھا جب ان کے بال 19 فٹ اور 6.5 انچ لمبے تھے، لیکن اب ان کے مطابق ان کے بالوں کی لمبائی 110 فت تک بڑھ چکی ہے جب کہ ان کی لٹوں کا مجموعی وزن 19 کلو تک پہنچ گیا ہے۔
فلوریڈا کے شہر کلیرمونٹ میں رہنے والی آشا منڈیلا کا گنیز ورلڈ ریکارڈ سے گفتگو میں کہنا تھا کہ انہوں نے پہلی بار 40 سال سے زائد عرصہ قبل اپنے بال بڑھانا شروع کیے جب وہ ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوباگو سے امریکا منتقل ہوئی تھیں۔
آشا منڈیلا نے کہا کہ انہیں یہ اصطلاح ‘ڈریڈ لاکس‘ پسند نہیں کیوں کہ ان کا نہیں خیال ان کی لٹوں میں کوئی چیز خوف ناک ہے، بلکہ وہ اپنے بالوں کو لٹوں کا شاہی تاج کہتی ہیں۔
آشا منڈیلا کا کہنا تھا کہ وہ لٹوں کو زمین پر گھسٹنے سے بچانے کے لیے عموماً اپنے بال کپڑے سے لٹکا کر رکھتی ہیں۔