کراچی: شہر قائد میں ڈاکوؤں نے معروف اداکار عنایت خان کو گن پوائنٹ پر لوٹ لیا۔
کراچی میں اسٹریٹ کرائم کی بڑھتی وارداتوں نے عام شہریوں سمیت فنکاروں کے لیے بھی مشکلیں بڑھادیں، ڈرامہ انڈسٹری کے اُبھرتے ہوئے اداکار عنایت خان بھی موبائل فون اور قیمتی اشیاء سے محروم ہوگئے۔
عنایت خان نے انسٹااسٹوری پر اپنے ساتھ گزشتہ رات پیش آنے والے واقعے کے بارے میں بتاتے ہوئے سندھ پولیس سے درخواست کی کہ اسٹریٹ کرائم کو کنٹرول کریں۔
اداکار نے اپنی انسٹا اسٹوری میں لکھا کہ رات کو جِم سے گھر آتے ہوئے تقریباََ ساڑھے بارہ بجے 2 ضرورت مند لڑکوں نے میرا موبائل اور ضروری سامان گن پوائنٹ پر لے لیا۔
عنایت خان نے بتایا کہ میں یہ بات اسٹوری پر نہیں بتاتا مگر میرے ساتھ یہ چوتھی مرتبہ ہوا ہے، سندھ پولیس سے میری گزارش ہے کہ براہِ کرم اسٹریٹ کرائم کی روک تھام کے لیے اپنی 100 فیصد کوشش کریں تاکہ باقی لوگ نقصان سے بچ سکیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ شب کراچی کے علاقے کے ڈی اے میں بھی چائے کے ہوٹل پر بیٹھے 20 سے زائد افراد کو ڈاکوؤں نے لوٹ لیا تھا، جس کے بعد متاثرین نے متعلقہ تھانے کے باہر احتجاج بھی کیا تھا۔