اسلام آباد میں امام بارگاہ کے گیٹ پر خودکُش دھماکا، 31 افراد شہید، 169 زخمی

اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت ترلائی کے علاقے میں واقع امام بارگاہ کے گیٹ پر خودکش دھماکے کے نتیجے 31 افراد شہید اور 169 سے زائد لوگ زخمی ہوگئے جبکہ متعدد کی حالت تشویش ناک ہے۔
ترجمان ضلعی انتظامیہ کے مطابق دھماکے میں مجموعی طور پر 31 افراد جاں کی بازی ہار گئے جبکہ اسپتال لائے گئے زخمیوں کی تعداد 169 ہوگئی۔
خودکُش دھماکے کے باعث امام بارگاہ سے ملحقہ گھروں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے۔
پولیس اور ریسکیو کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں جب کہ آئی جی اسلام آباد کی جانب سے اسلام آباد میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔
وفاقی دارالحکومت کے پولی کلینک، پمز اور سی ڈی اے اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کی گئی۔ اسپتالوں کے عملے کی چھٹیاں منسوخ کردی گئیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق بم ڈسپوزل اسکواڈ دھماکے کی نوعیت سے متعلق تحقیقات کر رہا ہے۔ رینجرز اور پاک فوج کے جوان بھی موقع پر پہنچ گئے۔
زخمیوں کو پمز اور پولی کلینک اسپتال منتقل کردیا گیا۔ مین ایمرجنسی، آرتھو پیڈک، برن سینٹر اور نیورو ڈیپارٹمنٹ فعال ہیں۔
ضلعی انتظامیہ اسلام آباد کے مطابق دھماکے میں زخمی 23 افراد کو پمز اور 13 کو پولی کلینک اسپتال منتقل کردیا گیا۔ اسسٹنٹ کمشنرز کو مختلف اسپتالوں میں زخمیوں کے علاج و معالجے کی نگرانی کے لیے تعینات کیا گیا ہے۔
ترجمان ضلع انتظامیہ کے مطابق دھماکے کی جگہ کو مکمل طور پر سیل کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق شہر کے مختلف اسپتالوں میں لائے گئے متعدد مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔
اسلام آباد کی امام بارگاہ میں دھماکے کے بعد راولپنڈی میں سیکیورٹی کو ہائی الرٹ کردیا گیا۔ مساجد و امام بارگاہوں کی سیکیورٹی بڑھا دی گئی جبکہ مساجد و امام بارگاہوں کے باہر تجاوزات فوری ختم کرنے کا حکم دے دیا۔
پولیس نے تمام داخلی و خارجی راستوں پر ناکہ بندی کر دی، کینٹ میں مسیحی برادری کی عبادت گاہوں پر بھی اضافی پولیس نفری تعینات کر دی گئی۔
سی پی او سید خالد ہمدانی نے تمام ایس پیز اور ایس ڈی پی اوز کو فوری حساس علاقوں میں پہنچنے کی ہدایت کر دی جبکہ کسی بھی ہنگامی حالت سے نمٹنے کے لیے ریسکیو 1122 اور سول ڈیفنس کو بھی ہائی الرٹ کر دیا گیا۔

12 DieblastGateImam BargahIslamabadSeveral Injured