مسجد نبوی سے مسجد قباء تک راہ گیروں کیلیے خصوصی راستہ تیار

مدینہ منورہ: سعودی حکومت کی جانب سے عمرہ و حج زائرین کے لیے سہولتوں میں اضافے اور آسانی فراہم کرنے کے لیے کوششیں جاری ہیں۔ اسی ضمن میں مسجد نبوی ﷺ سے مسجد قباء تک پیدل چلنے والوں کے لیے خصوصی راستہ تیار کرلیا گیا۔
مسجد نبوی ﷺ سے اسلام کی پہلی مسجد قباء تک پہنچنے کی خاطر پیدل چلنے والوں کے لیے خصوصی راستہ تیار کرلیا گیا ہے۔ خصوصی ٹریک کو ’’درب السنہ‘‘ کا نام دیا گیا ہے، جس کا مقصد مسجد نبوی ﷺ سے مسجد قبا تک پیدل چلنے کی نبی اکرم ﷺ کی سنت کو زندہ کرنا ہے۔

اسلام کی پہلی مسجد۔۔۔ مسجد قبا۔۔۔

قریباً تین کلومیٹر کا ٹریک اس تاریخی راستے پر بنایا گیا ہے جسے نبی کریم ﷺ مسجد نبوی ﷺ سے مسجد قبا جانے کے لیے استعمال کیا کرتے تھے۔ نبی کریم ﷺ کبھی پیدل اور کبھی اونٹنی پر مسجد قبا تک سفر کیا کرتے تھے۔
پیدل چلنے والوں کے لیے خصوصی ٹریک کو جدید طرز پر بنایا گیا ہے اور پورے راستے کو لائٹس سے سجایا گیا ہے جب کہ خریداری کے لیے اطراف میں دکانیں بھی بنائی گئی ہیں۔

Masjd e NabviMasjid e Qubapedestrians route