اسلام آباد: یوم آزادی کی مناسبت سے وزیراعظم شہباز شریف کی خصوصی ہدایت پر ”عزم استحکام“ کے عنوان سے خصوصی ڈاک ٹکٹ جاری کردیا گیا، ڈاک ٹکٹ پر پاکستان کے جیولین تھرور ارشد ندیم کی تصویر لگاکر انہیں خراج تحسین پیش کیا گیا ہے۔
ارشد ندیم نے پیرس اولمپکس میں 92.97 میٹر فاصلے پر نیزہ پھینک کر نیا اولمپک ریکارڈ قائم کرکے گولڈ میڈل حاصل کیا اور نوجوان نسل کے لیے مثال بن گئے۔
ڈاک ٹکٹ کو عزم استحکام کا عنوان دیا گیا ہے جو ملک کی ترقی اور استحکام کے عزم کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
ڈاک ٹکٹ میں مینار پاکستان کی تصویر کو شامل کرکے پاکستان کی آزادی کی جدوجہد اور اس کی علامتی اہمیت کو بھی اجاگر کیا گیا ہے۔
حکومت پاکستان کی جانب سے یوم آزادی کے موقع پر جاری کردہ ڈاک ٹکٹ آنے والی نسلوں کو پاکستان کی آزادی کی جدوجہد، قربانیوں اور حکومت پاکستان کی ملکی استحکام کے لیے جدوجہد اور عزم سے آگاہ کرے گا۔