سعودیہ کا لڑاکا طیارہ کنگ عبدالعزیز ایئربیس کے نزدیک گر کر تباہ

ریاض: سعودی عرب کا لڑاکا طیارہ تربیتی مشن کے دوران گر کر تباہ ہوگیا۔
سعودی عرب کے ذرائع ابلاغ کا اس ضمن میں کہنا ہے کہ سعودی ایئرفورس کا لڑاکا طیارہ معمول کی تربیتی پرواز کے دوران کنگ عبدالعزیز ایئربیس کے نزدیک گر کر تباہ ہوا۔
سعودی وزارت دفاع کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل ترکی المالکی نے بتایا کہ سعودی ایئر فورس کے ٹورنیڈو لڑاکا طیارے نے معمول کی تربیتی پرواز بھری تھی اور نامعلوم وجوہ کی بنا پر گر کر تباہ ہوگیا۔
مقامی میڈیا کے مطابق طیارہ ایک رہائشی علاقے کے نزدیک گرا، تاہم خوش قسمتی سے وہاں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا جب کہ طیارے میں موجود پائلٹس بھی پیراشوٹ کے ذریعے چھلانگ لگا کر بحفاظت اتر گئے۔
سعودی فوج کے ترجمان جنرل ترکی المالکی کا مزید کہنا تھا کہ حادثے کی تحقیقات کے لیے ایک انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی گئی۔
دھیان رہے کہ یمن میں جاری خانہ جنگی کے باعث حوثی باغیوں کی جانب سے سعودی عرب میں ایئرپورٹس اور پروازوں کو نشانہ بنایا جاتا رہا ہے، تاہم ایران سعودیہ سفارتی تعلقات کی بحالی کے بعد سے یمن میں کافی حد تک امن ہے۔

CrashedNear King Abdul Aziz AirbaseSaudi Arabia Fighter Jet