اسلام آباد: عمران خان کو نااہل قرار دلانے کے لیے پی ڈی ایم نے الیکشن کمیشن میں ریفرنس دائر کردیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو نااہل قرار دلانے کے لیے الیکشن کمیشن آف پاکستان میں ریفرنس دائر کردیا۔
پی ڈی ایم نے آئین کے آرٹیکل 63 کے تحت ریفرنس دائر کیا، جسے محسن شاہ نواز رانجھا کی جانب سے الیکشن کمیشن میں جمع کرایا گیا۔
سیاسی جماعتوں کے اتحاد پی ڈی ایم نے موقف اختیار کیا کہ سابق وزیراعظم عمران خان نے توشہ خانہ سے ملنے والے تحائف اثاثوں میں ظاہر نہیں کیے، عمران خان کو آئین کے آرٹیکل 62 ون ایف کے تحت نااہل قرار دیا جائے۔
دریں اثنا اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کا کہنا تھا کہ عمران خان کے خلاف توشہ خانہ ریفرنس جلد الیکشن کمیشن کو بھیجیں گے۔
اسپیکر نے گزشتہ روز عمران خان کے خلاف توشہ خانہ ریفرنس الیکشن کمیشن کو بھیجنے کا فیصلہ کیا تھا اور اس حوالے سے پی ڈی ایم کو آگاہ کردیا تھا۔