سیئول: جنوبی کوریا میں کافی چرانے والے طوطے کو پولیس نے پکڑلیا۔
کورین اینیمل ریسکیو اینڈ مینجمنٹ ایسوسی ایشن کے مطابق جنوبی کوریا کے دارالحکومت سیئول کے ایک ضلع یونگ ڈیونگپو میں کافی کی ایک دکان میں آکر گاہکوں کی کافی چرانے والے طوطے کو پکڑنے کے لیے پولیس کو بلایا گیا۔
ادارے کے مطابق طوطے کو خوش مزاج بتایا گیا اور موقع پر پولیس کے پہنچنے تک کیفے کے مالک نے اور دیگر گاہکوں نے اس کو کھلایا اور پیار کیا۔
یہ ایک پیلے تاج والا ایمازون طوطا تھا، جو وسطی امریکا میں پایا جاتا ہے۔ طوطوں کی یہ نسل ناپید ہونے کے خطرے سے دوچار ہے اور جنوبی کوریا میں بغیر خصوصی اجازت کے رکھنا قانونی نہیں ہے۔
کورین اینیمل ریسکیو اینڈ مینجمنٹ ایسوسی ایشن کا کہنا تھا کہ طوطے کی صحت اچھی تھی، جس کا مطلب ہے کہ اڑنے سے قبل اس کی اچھی دیکھ بھال کی گئی تھی۔