بیمار بیٹے کے لیے دوا لینے جانے والی ماں کو اژدھا نگل گیا

جکارتہ: انڈونیشیا میں افسوس ناک واقعے میں گھر سے بیمار بیٹے کی دوائی کے لیے جانے والی خاتون کو اژدھا زندہ نگل گیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق وسطی انڈونیشیا میں ایک خاتون اژدھے کے پیٹ میں مردہ پائی گئی، خاتون بیٹے کی دوا خریدنے کے لیے گھر سے نکلی تھی کہ راستے میں اژدھے نے نگل لیا۔
رپورٹ کے مطابق سائٹبا گاؤں میں 36 سالہ سریاتی نامی خاتون اپنے بیمار بچے کے لیے دوا خریدنے کے لیے منگل کی صبح گھر سے نکلنے کے بعد لاپتا ہوگئی تھی، خاتون کے گھر نہ لوٹنے کے بعد رشتے داروں نے تلاش شروع کردی اور پولیس کو اطلاع دی، کچھ دیر بعد خاتون کے شوہر 30 سالہ اڈیانساکو گھر سے 500 میٹر کے فاصلے پر اہلیہ کے کپڑے اور چپلیں ملیں۔
شوہر نے قریباً 10 میٹر کے فاصلے پر ایک سانپ دیکھا، سانپ ابھی تک زندہ تھا جس کا پیٹ بہت زیادہ پھولا ہوا تھا، جس کے بعد خاتون کے شوہر نے گاؤں کے لوگوں کو بلا کر اژدھے کا پیٹ کٹوایا، پیٹ کاٹنے پر اندر لاش موجود تھی جسے باہر نکال لیا گیا۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق گزشتہ ماہ بھی اسی علاقے میں ایک اژدھا خاتون کو نگل گیا تھا جس کے بعد اس کا پیٹ کاٹ کر خاتون کی لاش باہر نکالی گئی تھی۔
پولیس کے مطابق صوبے میں ایک ماہ کے دوران اژدھے سے ہلاکت کا یہ دوسرا واقعہ ہے، گزشتہ سال صوبے کے رہائشیوں نے 8 میٹر لمبے اژدھے کو مار ڈالا تھا جو ایک گاؤں میں کسان کو کھاتا ہوا پایا گیا تھا۔

IndonesiaSnake swallowedWoman